اردو سیارہ واپس اور قوائد و ضوابط
Monday, July 24th, 2006اردو سیارہ اب واپس آنلائن ہے۔ اس میں کچھ تبدیلیاں کی گئی ہیں۔
پہلی تبدیلی یہ ہے کہ اب اردو سیارہ میں اپنا اردو بلاگ شامل کرنے کا صرف ایک طریقہ ہے اور وہ یہ کہ آپ یہ فارم پر کریں۔ ابھی تک بہت سارے مختلف طریقوں سے بلاگ شامل کئے جاتے تھے۔ اب ایمیل کے ذریعہ بلاگ سیارہ میں شامل نہیں کئے جائیں گے نہ ہی ہم خود سے بلاگ سیارہ پر شامل کریں گے۔
شمولیت کے صفحے پر آپ کو کچھ قوائد و ضوابط بھی نظر آئیں گے۔ بلاگ شامل کرنے کی معلومات فارم کے ذریعہ ارسال کرتے ہوئے آپ کو ان قوائد و ضوابط پر عمل کرنے کا اقرار کرنا لازمی ہے۔ آپ سب کی آسانی کے لئے یہ قوائد و ضوابط میں یہاں نقل کر رہا ہوں۔
- اپنی تحریر میں دوسروں کی دلآزاری نہیں کریں گے۔
- لغو گفتگو، دھمکی آمیز پیغامات اور گالی گلوچ کی قطعی اجازت نہیں۔
- کسی پر تنقید کرتے ہوئے ذاتی حملوں سے پرہیز کریں گے۔
- اردو سیارہ تمام مذاہب، عقیدوں اور علاقوں کے لوگوں کے لئے ہے۔ آپ کوشش کریں گے کہ آپ کی تحریر سے کسی کو تکلیف نہ پہنچے۔ ہر کسی کو اخلاق کے دائرے میں یہاں کسی بھی مذہب پر گفتگو کی آزادی ہے۔
- نفرت اور تعصب والی تحریریں بالکل قابل قبول نہیں ہوں گی۔
- کاپیرائٹ کے قوانین کے خلاف مواد اپنے بلاگ پر پوسٹ نہیں کریں گے۔
- اردو سیارہ کی انتظامیہ کو کسی پوسٹ کو حذف کرنے یا بلاگر کو بین کرنے کا پورا حق حاصل ہے۔
اس کے علاوہ ہمیں محسوس ہوا ہے کہ اردو سیارہ کے باے میں کچھ وضاحت کی بھی ضرورت ہے۔
چونکہ اردو سیارہ صرف مختلف بلاگز سے تحریریں جمع کرتا ہے اس لئے ان تحریروں کے مواد پر سیارہ کا کوئی زور نہیں اور نہ اردو سیارہ کی انتظامیہ کسی بھی بلاگ پر تحریر کی ذمہدار ہے۔ اگر آپ کو کسی تحریر پر اعتراض ہے تو اس بلاگ کے مالک سے بات کریں۔
اردو سیارہ پر تمام بلاگ پوسٹس ان بلاگرز کی ملکیت ہیں جنہوں نے وہ لکھیں۔ اگر ان بلاگرز کی تحریر سے کسی قانون کی خلافورزی ہوتی ہے تو اس کا ذمہدار بلاگر ہے نہ کہ اردوویب یا اردو سیارہ کی انتظامیہ۔
اگر آپ کو کسی تحریر میں اردو سیارہ کے قوائد و ضوابط کی خلافورزی نظر آئے تو آپ بذریعہ ایمیل اردو سیارہ کی انتظامیہ کو مطلع کر سکتے ہیں۔ وہ آپ کی بات پر غور کرے گی اور ان کا فیصلہ حتمی ہو گا۔
اگرچہ اردو سیارہ کی انتظامیہ کی کوشش ہے کہ سیارہ کو اچھے طریقے سے چلایا جائے، اس میں تمام اردو بلاگز کو شامل کیا جائے اور قوائد و ضوابط کا خیال رکھا جائے مگر یہ سارا کام رضاکارانہ بنیادوں پر ہو رہا ہے۔ اس لئے ان میں سے کسی بھی بات کی انتظامیہ گارنٹی نہیں دے سکتی۔
اردو سیارہ تمام مذاہب، نظریات اور علاقوں کے لوگوں اور بلاگرز کو خوشآمدید کہتا ہے اور سب کو برابر نظر سے دیکھتا ہے۔ اس کا یہ مطلب نہیں کہ سیارہ سے وابستہ منتظمین کا کوئی مذہب یا نظریہ نہیں۔ سیارہ اور اس کے منتظمین کو کنفیوز نہ کریں۔
اس وقت جو بلاگز اردو سیارہ میں شامل ہیں وہ بھی ان قوائد و ضوابط کے پابند ہیں۔ ان قوائد کی خلافورزی کرنے والوں کو انتظامیہ کی صوابدید پر اردو سیارہ سے نکالا جا سکتا ہے۔
ایک آخری بات جس کا ہمیں کافی دکھ ہے اور ہماری پوری کوشش تھی کہ ہمیں ایسا کوئی قدم نہ اٹھانا پڑے مگر پچھلے دنوں کچھ لوگوں کی وجہ سے اردو سیارہ کا ماحول بہت خراب ہو گیا تھا۔ اس وجہ سے ہم نے چار بلاگرز کو سیارہ سے نکال دیا ہے۔