Archive for the ‘Planet’ Category

مکمل بلاگ فیڈ

Wednesday, October 24th, 2007

اکثر اردو بلاگ اپنے بلاگ کی فیڈ پر غور نہیں کرتے حالانکہ اب بلاگ فیڈ ایک انتہائی اہم چیز بنتی جا رہی ہے۔

فیڈ کا مقصد بلاگز اور ایسے ویب سائٹ جو کافی اپڈیٹ ہوتے رہتے ہیں ان کا مواد قارئین تک آسانی سے پہنچانا ہے۔ آجکل تمام بلاگ سافٹویر فیڈ جنریٹ کرتی ہیں۔ فیڈ پڑھنے کے لئے قارئین فیڈ ریڈر استعمال کرتے ہیں۔ بہت سارے فیڈ ریڈر مقبول ہیں جن میں سے کچھ آپ کے کمپیوٹر پر استعمال ہوتے ہیں اور کچھ آن‌لائن استعمال کئے جا سکتے ہیں۔ میں گوگل ریڈر استعمال کرتا ہوں جس کے ذریعہ میں اپنے فون پر بھی اپنی سبسکرائب‌شدہ فیڈز پڑھ سکتا ہوں۔

فیڈ کے دو سٹینڈرڈ ہیں: ایٹم اور ر‌س‌س۔ میرے خیال میں ایٹم بہتر ہے کہ وہ ایک باقاعدہ سٹینڈرڈ ہے اور اس میں کوئی ابہام نہیں پایا جاتا۔ ایٹم کے لئے بھی ضروری ہے کہ آپ اس کی ورژن 1.0 جنریٹ کریں۔ بلاگ سافٹویر کی موجودہ ورژن یہی کرتی ہیں مگر اگر آپ ورڈپریس کی ورژن 2.2 سے پرانی ورژن استعمال کر رہے ہیں تو اس میں ایٹم 0.3 ہے جو ایک ڈرافٹ تھا اور اسے اب استعمال کرنا اچھا آئیڈیا نہیں۔ اس لئے یا تو آپ اپنی ورڈپریس کو اپگریڈ کر لیں یا یہ پلگ‌ان انسٹال کر لیں۔

جس طرح ویب صفحات کو ویلیڈیٹ کرنے کے لئے سروس موجود ہے اسی طرح آپ یہ بھی چیک کر سکتے ہیں کہ آپ کی فیڈ ویلڈ ہے یا نہیں۔ کوشش کریں کہ آپ کی فڈ ویلڈ رہے کیونکہ اس طرح یہ چانس زیادہ ہے کہ فیڈ ریڈر پر وہ صحیح نظر آئے گی۔

ایک اور بات جو میں نے نوٹ کی ہے وہ یہ کہ بہت سے اردو بلاگ اپنی فیڈ میں صرف اقتباس ہی شامل کرتے ہیں نہ کہ پوری پوسٹ۔ شاید ان کا خیال ہے کہ اس طرح قارئین صرف فیڈ ریڈر سے پوسٹس پڑھنے کی بجائے ان کے بلاگ پر بھی آئیں گے۔ لیکن یہ خیال کچھ صحیح نہیں۔ اس بارے میں یہ آرٹیکل ضرور پڑھیں۔ مختصر یہ کہ اگر آپ کے بلاگ کی فیڈ میں صرف اقتباس ہے تو آپ اپنے قاری کی زندگی مشکل بنا رہے ہیں کہ اسے اپنے فیڈ ریڈر میں کلک کرنا پڑے گا اور نیا صفحہ کھول کر پڑھنا پڑے گا۔ اس سے پڑھنے کا تسلسل بھی ٹوٹ جاتا ہے۔ دوسرے باقاعدگی سے بلاگ پڑھنے والے صرف آپ کا بلاگ نہیں پڑھتے بلکہ بہت سے بلاگز پڑھتے ہیں اور فیڈ ریڈر اس کام کو کافی آسان بناتے ہیں مگر آپ اقتباسات کے ذریعہ اسے پھر سے مشکل بنا دیتے ہیں۔ جتنا آپ اپنے باقاعدگی سے پڑھنے والوں کے لئے آسانی پیدا کریں گے اتنا وہ آپ کو باقاعدگی سے پڑھیں گے اور آپ کی پوسٹس کو دوسروں تک پہنچائیں گے۔ یہ بات تو طے ہے کہ فیڈ ریڈر کے ذریعہ پڑھنے والے اقتباسات والی فیڈ کو ناپسند کرتے ہیں۔ میں کسی ایسے بلاگ کو سبسکرائب نہیں کرتا جس کی فیڈ مکمل نہ ہو۔

اردو سیارہ پر البتہ ہم بلاگز کے اقتباسات ہی پیش کرتے ہیں کہ اس سے سیارہ کے صفحے کا سائز بھی چھوٹا رہتا ہے اور قارئین اردو بلاگز کا ایک ٹیسٹ بھی لے لیتے ہیں۔ مگر سیارہ کو بھی مکمل پوسٹس والی فیڈ کا فائدہ ہے۔ وہ ایسے کہ سیارہ کے کوڈ میں اقتباس بنانے کا کوڈ موجود ہے جو ڈیفالٹ فیڈ والے ایک لائن کے اقتباس سے لمبا ہوتا ہے اور اس طرح آپ کی تحریر کا قاری کو کچھ اندازہ ہو جاتا ہے۔ دوسرے سیارہ کا ایک فیچر میمز کا ہے جسے آپ سیارہ کے صفحے پر اوپر بائیں طرف دیکھ سکتے ہیں۔ یہ فیچر پچھلے ہفتے میں تمام پوسٹس میں سے لنک ڈھونڈتا ہے اور پھر سب سے مقبول لنکس دکھاتا ہے۔ مگر اقتباسات والی فیڈز میں لنک نہیں ہوتے بلکہ وہ سادہ ٹیکسٹ ہوتا ہے۔ اس سے یاد آیا کہ اقتباسات کی فیڈ کا ایک نقصان یہ بھی ہے کہ صرف سادہ ٹیکسٹ ہی فیڈ ریڈر میں نظر آئے گا۔

اردو سیارہ اپڈیٹ

Thursday, September 20th, 2007

اردو سیارہ ابھی تک پلانٹ 2.0 پر چل رہا تھا مگر اس کے ڈیولیپر جیف نے کچھ عرصہ پہلے کہا تھا کہ اب اس پر مزید کام نہیں ہو گا۔ سام روبی نے پلانٹ کی نئی ورژن نائی جس کا نام وینس ہے۔ یہ پورا کوڈ نئے سرے سے لکھا گیا ہے اور اس میں کئی زبردست فیچرز ہیں۔ ایک تو یہ خراب فیڈز اور ایچ‌ٹی‌ایم‌ایل کو بھی ٹھیک کر دیتا ہے۔ دوسرے آپ اس میں ہر قسم کے فلٹر اور پلگ‌ان لکھ سکتے ہیں۔ ہم اس کا اقتباس کا فلٹر استعمال کر رہے ہیں۔ اس کے علاوہ میں نے ایک اردو فلٹر بھی لکھا ہے تاکہ سیارہ پر صرف اردو پوسٹس نظر آئیں۔

ایک می‌میم پلگ‌ان بھی انسٹال کیا ہے جو آپ سیارہ کے بائیں طرف اوپر دیکھ سکتے ہیں۔ یہ پچھلے ہفتے میں سیارہ میں شامل فیڈز میں مقبول روابط کی فہرست فراہم کرتا ہے۔ افسوس کہ اردو بلاگرز اپنی پوسٹس میں روابط کم ہی شامل کرتے ہیں۔

وینس میں تھیم سپورٹ بھی ہے اور جیسا کہ آپ دیکھ سکتے ہیں اب سیارہ کا حلیہ کچھ مختلف ہے۔

اگر آپ کو سیارہ میں کچھ مسئلہ نظر آئے تو سیارہ کے رابطے کے صفحے کے ذریعہ یا اس پوسٹ پر تبصرے کے ذریعہ ہمیں ضرور بتائیں تاکہ اسے ٹھیک کیا جا سکے ار سیارہ کو مزید بہتر بنایا جائے۔

اگلے مرحلے میں ہمارا ارادہ ہے کہ سیارہ میں شمولیت کو خودکار کیا جائے کہ جو بلاگر سیارہ میں اپنا بلاگ شامل کرنا چاہے وہ کسی صفحے (مثلا کوئی وکی) پر اپنا نام اور بلاگ کا ایڈریس ڈال دے اور وہاں سے سیارہ کی سافٹویر خود بخود یہ معلومات حاصل کر کے اسے سیارہ میں شامل کر لے۔ اس میں ایک اہم مسئلہ سپیم کا ہے کہ ایسا انتظام ہو کہ سپیمر اپنے سائٹ شامل نہ کر سکیں۔ اگر آپ کے ذہن میں اس بارے میں کوئی تجاویز ہوں تو ہم سے ضرور شیئر کریں۔

سیارہ پر خبریں اور اقتباسات

Tuesday, August 1st, 2006

اردو سیارہ پر اب مکمل پوسٹس کی بجائے صرف اقتباسات آیا کریں گے۔ ابھی یہ کچھ بلاگز کے لئے ممکن نہیں ہے اس لئے ان بلاگز کی مکمل پوسٹس ہی موجود ہوں گی۔ مگر ہم اس پر کام کر رہے ہیں اور جلد یہ کام مکمل ہو جائے گا۔

دوسرے سیارہ کے صفحے کے دائیں طرف آپ کو کچھ سرخیاں نظر آئیں گی جو خبروں کے مختلف سائٹس سے لی گئی ہیں۔ فی الحال ہمیں صرف بی‌بی‌سی اردو ہی ایسا سائٹ ملا ہے جس کی فیڈ موجود ہو۔ جنگ اخبار کی فیڈ بھی ہے مگر وہ تصویری اردو میں ہے اس لئے استعمال نہیں ہو سکتی۔ اگر آپ کے علم میں خبروں کا کوئی معیاری سائٹ ہو جو اردو میں فیڈ فراہم کرے تو ہمیں ضرور بتائیں تاکہ ہم اسے بھی شامل کر لیں۔

بہت سے اردو بلاگ کچھ پوسٹس کرنے کے بعد سو جاتے ہیں۔ اس لئے ہم نے فیصلہ کیا ہے کہ اگر کسی بلاگ پر 4 مہینے سے کوئی پوسٹ نہیں ہوئی تو اسے اردو سیارہ سے خارج کر دیا جائے تاکہ ہماری فہرست میں بہت سے غیرفعال بلاگ شامل نہ ہوں۔ اگر آپ کا بلاگ اس وجہ سے سیارہ سے نکل جائے تو جب بھی آپ دوبارہ بلاگنگ شروع کریں شمولیت والے صفحے پر جا کر اپنا بلاگ اردو سیارہ میں دوبارہ شامل کروا لیں۔

اردو سیارہ واپس اور قوائد و ضوابط

Monday, July 24th, 2006

اردو سیارہ اب واپس آن‌لائن ہے۔ اس میں کچھ تبدیلیاں کی گئی ہیں۔

پہلی تبدیلی یہ ہے کہ اب اردو سیارہ میں اپنا اردو بلاگ شامل کرنے کا صرف ایک طریقہ ہے اور وہ یہ کہ آپ یہ فارم پر کریں۔ ابھی تک بہت سارے مختلف طریقوں سے بلاگ شامل کئے جاتے تھے۔ اب ای‌میل کے ذریعہ بلاگ سیارہ میں شامل نہیں کئے جائیں گے نہ ہی ہم خود سے بلاگ سیارہ پر شامل کریں گے۔

شمولیت کے صفحے پر آپ کو کچھ قوائد و ضوابط بھی نظر آئیں گے۔ بلاگ شامل کرنے کی معلومات فارم کے ذریعہ ارسال کرتے ہوئے آپ کو ان قوائد و ضوابط پر عمل کرنے کا اقرار کرنا لازمی ہے۔ آپ سب کی آسانی کے لئے یہ قوائد و ضوابط میں یہاں نقل کر رہا ہوں۔

  • اپنی تحریر میں دوسروں کی دل‌آزاری نہیں کریں گے۔
  • لغو گفتگو، دھمکی آمیز پیغامات اور گالی گلوچ کی قطعی اجازت نہیں۔
  • کسی پر تنقید کرتے ہوئے ذاتی حملوں سے پرہیز کریں گے۔
  • اردو سیارہ تمام مذاہب، عقیدوں اور علاقوں کے لوگوں کے لئے ہے۔ آپ کوشش کریں گے کہ آپ کی تحریر سے کسی کو تکلیف نہ پہنچے۔ ہر کسی کو اخلاق کے دائرے میں یہاں کسی بھی مذہب پر گفتگو کی آزادی ہے۔
  • نفرت اور تعصب والی تحریریں بالکل قابل قبول نہیں ہوں گی۔
  • کاپی‌رائٹ کے قوانین کے خلاف مواد اپنے بلاگ پر پوسٹ نہیں کریں گے۔
  • اردو سیارہ کی انتظامیہ کو کسی پوسٹ کو حذف کرنے یا بلاگر کو بین کرنے کا پورا حق حاصل ہے۔

اس کے علاوہ ہمیں محسوس ہوا ہے کہ اردو سیارہ کے باے میں کچھ وضاحت کی بھی ضرورت ہے۔

چونکہ اردو سیارہ صرف مختلف بلاگز سے تحریریں جمع کرتا ہے اس لئے ان تحریروں کے مواد پر سیارہ کا کوئی زور نہیں اور نہ اردو سیارہ کی انتظامیہ کسی بھی بلاگ پر تحریر کی ذمہ‌دار ہے۔ اگر آپ کو کسی تحریر پر اعتراض ہے تو اس بلاگ کے مالک سے بات کریں۔

اردو سیارہ پر تمام بلاگ پوسٹس ان بلاگرز کی ملکیت ہیں جنہوں نے وہ لکھیں۔ اگر ان بلاگرز کی تحریر سے کسی قانون کی خلاف‌ورزی ہوتی ہے تو اس کا ذمہ‌دار بلاگر ہے نہ کہ اردوویب یا اردو سیارہ کی انتظامیہ۔

اگر آپ کو کسی تحریر میں اردو سیارہ کے قوائد و ضوابط کی خلاف‌ورزی نظر آئے تو آپ بذریعہ ای‌میل اردو سیارہ کی انتظامیہ کو مطلع کر سکتے ہیں۔ وہ آپ کی بات پر غور کرے گی اور ان کا فیصلہ حتمی ہو گا۔

اگرچہ اردو سیارہ کی انتظامیہ کی کوشش ہے کہ سیارہ کو اچھے طریقے سے چلایا جائے، اس میں تمام اردو بلاگز کو شامل کیا جائے اور قوائد و ضوابط کا خیال رکھا جائے مگر یہ سارا کام رضاکارانہ بنیادوں پر ہو رہا ہے۔ اس لئے ان میں سے کسی بھی بات کی انتظامیہ گارنٹی نہیں دے سکتی۔

اردو سیارہ تمام مذاہب، نظریات اور علاقوں کے لوگوں اور بلاگرز کو خوش‌آمدید کہتا ہے اور سب کو برابر نظر سے دیکھتا ہے۔ اس کا یہ مطلب نہیں کہ سیارہ سے وابستہ منتظمین کا کوئی مذہب یا نظریہ نہیں۔ سیارہ اور اس کے منتظمین کو کنفیوز نہ کریں۔

اس وقت جو بلاگز اردو سیارہ میں شامل ہیں وہ بھی ان قوائد و ضوابط کے پابند ہیں۔ ان قوائد کی خلاف‌ورزی کرنے والوں کو انتظامیہ کی صوابدید پر اردو سیارہ سے نکالا جا سکتا ہے۔

ایک آخری بات جس کا ہمیں کافی دکھ ہے اور ہماری پوری کوشش تھی کہ ہمیں ایسا کوئی قدم نہ اٹھانا پڑے مگر پچھلے دنوں کچھ لوگوں کی وجہ سے اردو سیارہ کا ماحول بہت خراب ہو گیا تھا۔ اس وجہ سے ہم نے چار بلاگرز کو سیارہ سے نکال دیا ہے۔

اردو سیارہ ڈاؤن

Sunday, July 23rd, 2006

ہم اردو سیارہ پر کچھ کام کر رہے ہیں۔ اس لئے وہ کچھ دیر کے ئے آف لائن ہے۔ امید ہے کہ تبدیلیاں مکمل ہونے کے بعد وہ جلد واپس آن لائن آ جائے گا۔

اردو سیارہ، مذہب اور نظریات

Tuesday, July 18th, 2006

اردو سیارہ تمام اردو بلاگز کے لئے ہے۔

اردو سیارہ کا کوئی مذہب یا عقیدہ نہیں ہے۔ یہاں مسلمان، ہندو، سکھ، یہودی، عیسائی، atheist، احمدی، مورمن، بہائی، agnostic، وکا (wicca) یا کسی اور مذہب یا نظریے کے پیروکار سب welcome ہیں۔ تمیز اور اخلاق کے دائرے میں رہتے ہوئے ہر کوئی اپنے عقیدے اور مذہب پر یہاں بات کر سکتا ہے۔

چونکہ اردو سیارہ پر عموماً اظہارِ رائے کی آزادی ہے اور یہ صرف اردو بلاگرز کی تحریروں کو ایک جگہ جمع کرتا ہے اس لئے یہاں پوسٹ ہونے والے نظریات کو اردوویب کے نظریات نہ سمجھیں بلکہ صرف اس بلاگر کے جس نے وہ پوسٹ کی ہو۔ اگر آپ کو کسی پوسٹ پر اعتراض ہو تو بلاگر ہی سے بات کریں۔

امید ہے کہ آپ لوگ اپنے سے مختلف عقائد رکھنے والوں کو تنگ نہیں کریں گے اور ان کی بات تحمل اور خوش‌اسلوبی سے سنیں گے۔ کسی سے اختلاف ضرور کریں مگر اخلاق کا دامن ہاتھ سے جانے نہ دیں۔ اور کسی مذہب یا بلاگر کے خلاف مہمیں نہ شروع کریں۔

اردو سیارہ

Wednesday, June 7th, 2006

میں نے آج اردو سیارہ کو اپگریڈ کیا ہے۔ پلانیٹ کی تازہ‌ترین سافٹویر استعمال کرنے سے کئی فائدے ہوں گے۔ ایک تو کئی بگز ختم ہو گئے ہیں مثلاً اگر آپ کا بلاگ کچھ دیر کے لئے ڈاؤن ہے اور ویب صفحے فارورڈ کر رہا ہے تو پہلے سیارہ کچھ گڑبڑ کرتا تھا مگر اب صحیح کام کرتا ہے۔ دوسرے اب اردو سیارہ کی اپنی فیڈ ایٹم 1.0 سٹینڈرڈ پر مبنی ہے۔

اپگریڈ کے بعد یہ سہولت بھی ہے کہ آپ ہر پوسٹ کی زبان کے حساب سے فلٹر کر سکتے ہیں جیسا کہ ہم اردو سیارہ پر صرف اردو تحریریں چاہتے ہیں۔ پہلے یہ کام میں اپنے لکھے کوڈ سے کر رہا تھا۔ مھر جب یہ سہولت استعمال کرنے کی کوشش کی تو پتا چلا کہ تقریباً تمام اردو بلاگرز کی فیڈ تو یہ کہتی ہے کہ ان کے بلاگ کی زبان انگریزی ہے۔ بلاگسپاٹ والے لوگ تو اس کو نہیں بدل سکتے مگر ورڈپریس والے تو پلیز اسے صحیح کر لیں اور اپنے بلاگ کی زبان اردو ظاہر کریں۔

چونکہ زبان کے حساب سے فلٹر ہم استعمال نہیں کر سکتے اس لئے میں نے پھر اپنا پرانے والا کوڈ استعمال کیا ہے۔ مگر اس میں ایک اہم تبدیلی کی ہے۔ پہلے میں چیک کرتا تھا کہ تحریر میں انگریزی کتنی ہے ۔ اگر انگریزی ایک خاص مقدار سے کم ہوتی تو تحریر کو اردو سمجھتا اور سیارہ میں شامل کر لیتا۔ اب میں اردو کے حروف چیک کر رہا ہوں اور آپ کی پوسٹس میں تھوڑی بہت اردو ہونا ضروری ہے اس ے سیارہ میں شامل ہونے کے لئے۔ میرے خیال سے یہ بہتر طریقہ ہے۔

ایک اور تبدیلی یہ ہے کہ دائیں طرف ان بلاگز کے ربط ہیں جو اردو سیارہ میں شامل ہیں۔ ان میں سے جو بلاگ 6 ماہ سے غیرفعال ہیں ان کے نام کے نیچے اب ایک سرخ لائن ہے۔ کچھ عرصے بعد ایسے غیرفعال بلاگ اردو سیارہ سے نکال دیئے جائیں گے۔

صرف اردو سیارہ

Sunday, October 23rd, 2005

اردو سیارہ پر اب صرف اردو میں لکھی ہوئی پوسٹس آئیں گی۔ اردو بلاگرز کی انگریزی پوسٹس اس میں سے نکال دی جاتی ہیں۔

Urdu Planet Updates

Monday, May 23rd, 2005

Since there is some confusion on how Urdu Planet works, here is an attempt at clarification.

Urdu Planet is based on the Planet software. Basically, a script is run every 6 hours (at 12am, 6am, 12pm, 6pm US Eastern Time) which looks at the current Atom or RSS feeds of the blogs included in Urdu Planet. The Urdu Planet page then aggregates all the posts that have a date less than 7 days old at that time. In case there are more than 60 such posts, only the latest 60 posts are included on the Urdu Planet webpage. This means that if you post something at 6:05am US Eastern time, it won’t appear on Urdu Planet until noon.

Also, Urdu Planet does not store your blog posts other than what appears on the Urdu Planet page. Therefore, any changes to your blog posts are reflected at Urdu Planet on the next 6-hourly update.

Urdu Planet

Thursday, March 31st, 2005

A lot of work still needs to be done there, but welcome to Urdu Planet. I hope you like it.