اردو بلاگنگ: ایک جائزہ
کئی دنوں سے سوچ رہا ہوں کہ اردو بلاگنگ کے بارے میں کچھ لکھوں۔ اس کی کئی وجوہات ہیں جن میں سے ایک یہ کہ مجھے احساس ہو رہا ہے کہ اردو بلاگنگ کہیں نہیں جا رہی اور دوسرے یہ کہ اردو بلاگز کو کچھ اچھے اطوار تجویز کئے جا سکیں۔
اس سلسلے میں کئی لوگوں سے بات ہوئی۔ بدتمیز نے یہ پوسٹ لکھنے کی ترغیب دی اور تجاویز سے بھری ایمیل بھیجی۔ محب نے اپنے بلاگ پر ہماری گفتگو کا ذکر کیا جسے پڑھ کر شاکر نے اس موضوع پر دو پوسٹس لکھیں اور عمار نے بھی اپنی رائے دی۔ یہاں میرا مقصد تنقید نہیں ہے ورنہ مجھے ان تحریروں پر کئی اعتراضات ہیں۔
اب ایسا کریں کہ پچھلا پیرا دوبارہ پڑھیں۔ اس میں آپ کو کچھ لنک نظر آئیں گے انہیں کلک کریں اور ان بلاگ پوسٹس کو پڑھیں۔ میں آپ کی واپسی کا انتظار کرتا ہوں۔ شاباش آپ نے ورلڈ وائڈ ویب کا ایک اہمترین نکتہ سمجھ لیا کہ اس پر ہائپرلنک کی کیا اہمیت ہے۔ ویب لنکس کے بغیر کچھ نہیں۔ یہ نکتہ اردو بلاگرز کو بھی سمجھنا پڑے گا۔ پچھلے پیرا میں جو پوسٹس لنک کی گئی ہیں ان میں ذرا چیک کریں کہ کیا کوئی لنک ہے اور اگر ہے تو کیا وہ کارآمد ہے؟ تو پہلی اہم بات یہ ہے کہ جب آپ کوئی پوسٹ لکھیں تو اخبار یا بلاگ کو حوالہ دیں اور اس خبر یا پوسٹ کو لنک کریں۔ یہ خیال رہے کہ لنک اخبار یا بلاگ کے ہوم پیج کا نہ ہو بلکہ سیدھا اس صفحے کی طرف جاتا ہو جو آپ کے زیرِ بحث ہے۔ اسی طرح اگر آپ کسی ویب سائٹ یا کسی بلاگر کا ذکر کرتے ہیں تو ان کا لنک بھی اپنی پوسٹ میں شامل کریں۔ یاد رہے کہ آپ کی سائڈبار میں موجود لنک بہت کم لوگ فالو کرتے ہیں مگر پوسٹ میں لنک زیادہتر قارئین فالو کرتے ہیں۔
اسی طرح جب آپ کسی بلاگ پوسٹ کا جواب لکھیں تو لنک کے ساتھ ساتھ اس کا ایسا اقتباس بھی اپنی پوسٹ میں شامل کریں تاکہ گفتگو سمجھنے میں آسانی رہے۔ یہی نکتہ اخبارات کی خبروں کے لئے بھی ہے۔ پوری خبر یا پوسٹ کبھی شامل نہ کریں بلکہ صرف اقتباس دیں۔ اس اقتباس کو اپنے بلاگ پر اپنی تحریر سے نمایاں کریں۔ اس کا آسان طریقہ یہ ہے کہ آپ اس اقتباس کے گرد <blockquote> ٹیگ ڈالیں۔ اگر آپ ایسا نہیں کرتے تو یہ سمجھنا مشکل ہو جاتا ہے کہ آپ کی تحریر کونسی ہے اور کسی اور کی کونسی۔
جو قارئین آپ کا بلاگ پڑھنے آئیں ان کو زیادہ سے زیادہ آسانی فراہم کریں۔ اپنی سائیڈبار میں اپنی تازہ پوسٹس کی فہرست رکھیں۔ اس کے علاوہ تاریخوار آرکائیوز اور کیٹگری آرکائیوز کے لنک بھی فراہم کریں۔ ممکن ہو تو اپنے بلاگ کی مقبولترین پوسٹس کی فہرست بھی شامل کریں۔ مقبولیت دو لحاظ سے ہو سکتی ہے ایک تو یہ کہ پوسٹس کتنی دفعہ پڑھی گئی ہیں اور دوسرے یہ کہ پوسٹ پر کتنے تبصرے ہوئے ہیں۔ بلاگرول بھی سائیڈبار کا ایک اہم حصہ ہے۔ حالیہ تبصرے بھی سائیڈبار میں شامل کریں۔ آپ جو بلاگ پڑھتے ہیں یا جو اپنے قارئین کو تجویز کرنا چاہتے ہیں ان کے لنک اپنی بلاگرول میں شامل کریں۔
ایک اور چیز ہر پوسٹ کے ساتھ اس سے متعلقہ پوسٹس کے روابط ہیں۔ اس کے لئے ٹیگز اہم کردار ادا کر سکتے ہیں۔
آجکل بہت سے اردو بلاگز پر یہ دیکھا گیا ہے کہ تبصرے ماڈریٹ ہوتے ہیں۔ اس کی ضرورت نہیں ہے۔ عام تبصرے خود سے سائٹ پر آنے دیں۔ ہاں جن تبصروں میں زیادہ لنک ہوں انہیں ماڈریشن میں ڈال دیں۔ اس سے آپ کا کام بھی کم ہو گا اور بلاگ پر گفتگو بھی آسانی سے اور بہتر ہو سکے گی۔
اپنے بلاگ پر آپ کسی قسم کا ہٹ کاونٹر ضرور لگائیں۔ اس کے لئے میں سائٹمیٹر تجویز کرتا ہوں۔ اس کی پرائیویسی سیٹنگ ایسی رکھیں کہ تمام قارئین اس کا سمری پیج دیکھ سکیں۔ اس طرح عوام یہ جان سکیں گے کہ آپ کا بلاگ روزانہ کتنے لوگ پڑھتے ہیں مگر تفصیلی ڈیٹا صرف آپ ہی دیکھ سکیں گے۔ یہ بھی یاد رہے کہ سائٹمیٹر میں اپنے وزٹ اگنور کرنے کی بھی آپشن ہے۔ یہ ضرور سیٹ کریں تاکہ جب آپ اپنے بلاگ پر جائیں تو وہ شمار نہ ہو۔ اپنی ٹریفک کے اعداد و شمار پبلک کرنے کے کئی فائدے ہیں جن میں سے ایک یہ بھی ہے کہ ایسی رینکنگ لسٹ بنائی جا سکتی ہے۔
اپنے بلاگ کی مقبولیت بڑھانے کے لئے اس کے علاوہ بھی کئی چیزیں ہیں۔ ایک تو یہ کہ باقاعدگی سے بلاگ پر لکھیں۔ میں نے نوٹ کیا ہے کہ دو تین بلاگرز کو چھوڑ کر باقی اردو بلاگر مہینے میں دو تین سے زیادہ بار نہیں لکھتے۔ دوسرے بلاگز پر تبصرہ کریں اور ان کی تحریروں پر اپنے بلاگ میں لکھیں۔ جب کسی دوسرے بلاگ پر تبصرہ کریں تو اپنے بلاگ کا لنک یوآرایل فیلڈ میں ضرور دیں۔ دوسرے بلاگز کے ساتھ گفتگو بلاگ کی دنیا کا ایک اہم حصہ ہے اور اس کے لئے ضروری ہے کہ آپ صرف اردو بلاگز ہی تک محدود نہ رہیں بلکہ انگریزی اور دوسری زبانوں کے بلاگز پر بھی تبصرے کریں خاص طور پر پاکستانی انگریزی بلاگز پر تاکہ گفتگو کا دائرہ بڑھ سکے۔ اگر آُ کسی بلاگ پر باقاعدگی سے تبصرے کرتے ہیں تو ممکن ہے وہاں سے کئی قارئیں آپ کے بلاگ پر آئیں اور یہ بھی کہ وہ بلاگر آپ کی کسی پوسٹ کے بارے میں لکھے۔
اپنے بلاگ پر ایک صفحہ اپنے بارے میں ضرور شامل کریں جس میں کم از کم آپ کے بارے میں ایسی معلومات ہوں جس سے قاری کو آپ اور آپ کے بلاگ کو سمجھنے میں آسانی ہو۔ ضروری نہیں کہ یہاں آپ اپنی سوانح حیات اور اصل نام ہی لکھیں مگر اپنے بارے میں لکھیں۔ ساتھ ہی خود سے رابطہ کرنے کا کوئی طریقہ بھی فراہم کریں۔ اس کے لئے آپ اپنا ایمیل ایڈریس دے سکتے ہیں مگر خیال رہے کہ اس کے نتیجے میں بہت سپیم بھی آئے گی۔ یا آپ ایک رابطہ فارم شامل کر سکتے ہیں۔ اس کے لئے فارممیل یا ٹیایفمیل استعمال کیا جا سکتا ہے۔
تمام اردو بلاگز پر ایک اور صفحہ بھی لازمی ہے۔ اس صفحے پر یہ بتائیں کہ نیٹ پر اردو کیسے پڑھی اور لکھی جائے اور اپنے کمپیوٹر پر اردو سپورٹ اور فونٹ کیسے انسٹال کئے جائیں۔ یہ صفحہ انگریزی یا تصویری اردو میں ہو کیونکہ یہاں عام طور سے وہ لوگ آئیں گے جنہیں اردو پڑھنے یا لکھنے میں مشکل ہو رہی ہو گی۔ میں کوشش کروں گا کہ ایک دو دنوں میں ایسا ایک صفحہ لکھ کر اس بلاگ پر شامل کر دوں۔ پھر آپ سب اسی کو کاپی کر سکتے ہیں۔
اب آتے ہیں اردو بلاگز کی موجودہ حالت کے اوپر۔ اردو بلاگنگ کا آغاز 4 سال پہلے ہوا۔ ان سالوں میں اردو بلاگنگ کوئی زیادہ نہیں بڑھی۔ ابھی بھی شاید کل 100 اردو بلاگ ہیں۔ اس کے مقابلے میں کل بلاگ ہر چار پانچ ماہ میں دوگنے ہو جاتے ہیں۔ پاکستانی انگریزی بلاگ لے لیں یا فارسی بلاگ یا انڈین بلاگ سب ہی انتہائی تیزی سے بڑھے ہیں۔ ان سب کی exponential growth ہے جبکہ اردو بلاگز کی linear growth۔ یہ بات پریشانکن ہے۔ لیکن اس سے زیادہ پریشان کرنے والی بات یہ ہے کہ اردو بلاگ یا فورمز کے قارئین بہت کم ہیں اور بہت سستی سے بڑھ رہے ہیں۔ ایک اندازے کے مطابق ایک عام اردو بلاگ کو 20 سے 30 قاری روزانہ پڑھتے ہیں اور زیادہ اردو بلاگز کو پڑھنے والے وہی لوگ ہیں یعنی تمام اردو بلاگز کے قاری اکٹھے کئے جائیں تو شاید 200 سے زیادہ نہ ہوں۔ ایسی صورت میں نئے اردو بلاگز کہاں سے آئیں گے؟ اس اعداد و شمار کا مقابلہ بڑے بڑے بلاگز کی بجائے عام پاکستانی انگریزی بلاگ سے بھی کیا جائے تو شرمندگی ہی ہوتی ہے۔
اس کا حل کیا ہے؟ ایک تو یہ کہ اپنے بلاگز کو خوب سے خوبتر بنائیں، متنوع موضوعات پر لکھیں، اپنے بلاگ کی انفرادیت جگائیں کہ لوگ پڑھنے آئیں۔ بلاگز کی تشہیر کریں جیسا کہ اوپر کہہ چکا ہوں۔ مگر اس کے ساتھ ساتھ یہ بھی بہت ضروری ہے کہ لوگوں کو کمپیوٹر پر اردو پڑھنے اور لکھنے پر راغب کیا جائے۔ یہ ایک لمبا اور مشکل کام ہے مگر اس کے لئے کچھ باتیں ضروری ہیں۔ ایک تو یہ کہ اگر کوئی گوگل پر اردو کے بارے میں تلاش کرے تو اسے بہت سا مواد ملے اور ہر سائٹ پر اردو لکھنے اور پڑھنے کے حوالے سے معلومات ہوں۔ دوسرے آسان اردو اور انگریزی سے دشمنی میں کمی کی بھی شدت سے ضرورت ہے۔ آج ہم لوگ جو نیٹ پر اردو بڑھانے کی کوشش کر رہے ہیں وہ کافی شدتپسند ہیں کہ اردو میں انگریزی کی بالکل ملاوٹ نہیں چاہتے اور عجیب مشکل اصطلاحات جو ہم فارسی اور عربی سے ڈھونڈ ڈھونڈ کر لاتے ہیں انہیں استعمال کرتے ہیں۔ اگر آپ کے بلاگ پر اطلاقیے کا ذکر ہو گا تو آپ اور آپ کے دو دوستوں کے علاوہ کسے علم ہو گا کہ آپ کس چیز کی بات کر رہے ہیں؟ آسان الفاظ استعمال کریں اور بےشک انگریزی کا تڑکا لگنے دیں۔ گانے کو سانگ کہنے پر بےشک اعتراض کریں مگر سینما کو ایوان عکس نہ کہیں۔
November 30th, 2007 at 6:53 pm
اِن تجاویر پر عمل کی کوشش ہو گی!!!
ویسے اب بھی پاکستان میں win 98 استعمال ہو رہی ہے !!! یہ بھی ایک وجہ ہے کسی حد تک!!!
November 30th, 2007 at 7:58 pm
اچھا کیا جو ادھر تفصیل سے لکھ دیا وگرنہ ہم بھی اپنے بلاگ پر اردو بلاگنگ کے بارے ممیں لکھنے جارہے تھے۔ آپ کی بات درست ہے کہ اردو بلاگنگ کی تشہیر اور رہنمائی اتنی نہیں ہورہی۔ دوسری وجہ یہ ہے کہ پاکستان میں ابھی انٹرنیٹ تک رسائی انڈیا یا ایران کی نسبت بہت کم ہے۔ ہاں پاکستان میں جو لوگ انٹرنیٹ استعمال کرتے ہیں ان میں پڑھے لکھے بہت کم ہیں زیادہ تعداد ہائی سکول کے بچوں کی ہے جو فضول وقت ضائع کرتے ہیں۔ جب وہ بڑے ہوکر کام کاج میں لگ گئے تو پھر امید ہے اردو بلاگنگ زیادہ ہوگی۔
ہمارے خیال میں فی زمانہ کام ذاتی کی بجائے اجتماعی طور پر کیا جائے تو آسانی سے ہوجاتا ہے۔ اس لیے ضروری ہے کہ ہم بلاگرز ملکر اردو بلاگنگ کی تشہیر کا کوئی طریقہ نکالیں۔
باقی آپ کے ٹوٹکے مناسب اور کام کے ہیں ان پر عمل کرنے سے اردو بلاگرز اپنے بلاگ کی تشہیر کرسکتے ہیں۔
December 1st, 2007 at 6:06 am
اچھی گائیڈ لائن فراہم کی ہے۔۔۔۔۔ کوشش رہے گی کہ اس کو مد نظر رکھ کر لکھا جائے۔۔۔۔
شکریہ
December 1st, 2007 at 2:05 pm
بہت زکریا اس طرح کی چند فرمودات کی سخت ضرورت تھی اب اس پر عمل پیرا ہونا بھی ضروری ہے ۔ جو پڑھے وہ اگر اپنے آپ کو اس پر پابند کرنے کا عہد کر جائے تو کافی حد تک ممکن ہے
نہیں تو پھر وہی بات کہ اک کان سے سنی اور دوسرے سے نکال دی ۔
December 1st, 2007 at 8:26 pm
[...] کل ہی میری نگاہ زکریا صاحب کی ایک تحریر پر پڑی جس میں اردو بلاگر کو فعال کرنے [...]
December 2nd, 2007 at 8:42 am
اس کی ضرورت تھی وہ پوری ہوئی مگر اصل مسئلہ عمل کا ہے ۔
سائیٹ میٹر پر رجسٹریشن پچھلے دو ماہ سے ممکن نہیں ہوئی ۔ سائن اپ پر کلک کریں تو رجسٹریشن والا صفحہ نہیں کھلتا ۔
December 3rd, 2007 at 10:02 am
[...] زکریا نے اردو بلاگرز کے لیے تجاویز، غلطیاں، شکوے وغیرہ بیان کیے پھر بدتمیز نے بھی اچھی خاصی کلاس لے ڈالی۔ یوں کچھ نئی [...]
December 7th, 2007 at 7:06 am
بہت اہم تجاویز پیش کی گئی ہیں، جن میں سے چند پر فوری طور پر عمل پیرا ہونے کی کوشش کروں گا اور جن پر نہ کرسکوں وہ نااہلی سمجھ لیں لیکن میری یہ بھی کوشش ہوگی کہ کسی اچھے بلاگر سے مل کر اپنی تکنیکی اہلیت میں اضافہ کروں۔ مستقل لکھتے رہنے، انگریزی بلاگز پر بھی تبصرے اور متنوع موضوعات پر لکھنے کی تجاویز بہت اعلٰی ہیں۔
موضوع سے ہٹ کر ایک شکایت مجھے یہ ہے کہ جب کبھی اچھے موضوعات پر کوئی ربط دیا جاتا ہے تو انگریزی وکیپیڈیا کا دیا جاتا ہے جہاں کوئی منفی تبصرہ مقصود ہو وہاں اردو وکیپیڈیا کا ربط دے دیا جاتا ہے جس سے ہماری حوصلہ شکنی ہوتی ہے۔ میری خواہش ہے کہ جب کبھی وکیپیڈیا کا ربط دینے کا ارادہ ہو تو پہلے اردو کو ترجیح دی جائے نہ کہ انگریزی کو البتہ وہاں مضمون کی عدم موجودگی کی صورت میں انگریزی وکی سے استفادہ حاصل کیا جاسکتا ہے۔ اس طرح زیادہ سے زیادہ افراد اردو وکیپیڈیا سے استفادہ حاصل کر سکیں گے اور ہو سکتا ہے کہ چند وہاں کام کرنا بھی شروع کردیں۔ مسئلہ یہ ہے کہ شکایات کا تو لوگ انبار لگا دیتے ہیں لیکن کام کرنے کو کوئی تیار نہیں۔ امید ہے اس شکایت کا برا نہیں منایا جائے گا۔
December 8th, 2007 at 4:57 pm
[...] اور باقی زیک نے اردو بلاگنگ کی تشہیر کے لیے بہت اچھی تجاویز دی [...]
January 21st, 2008 at 9:56 am
اسلام علیکم زیک بھائی
جناب اچھی باتیں کی ہیں آپ نے میں بھی ابھی بلاگنگ میں نیا ہوں پر سب کے بلاگ پڑھتا ہوں اور رائے دیتا ہوں اپنے اردو بلاگنگ کے تجربہ کو لکھ رہا ہوں اور جلدی پوسٹ کرونگا۔
آپ میرے بلاگ آئیں اور رائے دیں اور غلطی کا بتئے
دعا گو
اکرام
اسلامآباد
March 24th, 2008 at 7:56 am
[...] کرنا زکریا نے بہت کوشش کی کہ اردو بلاگر سیکھ لیں لیکن نہیں سیکھا [...]
May 14th, 2008 at 12:50 pm
[...] اردو انگریزی جنگ سے پرہیز کریں۔ کچھ مزید مشورے میں نے اردوویب بلاگ پر بھی دیئے [...]
May 11th, 2009 at 7:47 pm
آپ میرے بلاگ آئیں اور رائے دیں اور غلطی کا بتئے
October 29th, 2009 at 4:30 am
آپکی تجاویز یا مشورے ہمارے لیے مشعل راہ ہیں
آپ نے اس بارے میںلکھ کر بلاگرز کے بہت سے مسائل کو چٹکیوں میں حل کردیا ہے
March 9th, 2010 at 7:23 am
الســـــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــلام علیکـــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــم
بہت خوب آپ وقتا فوقتا اپنے مفید مشوروں سے ہمیں ناوازے شکریہ
فقظ و اللسلام محمد ابراہیم میسوری
بھارت