اردو لغت اور اس کے علاوہ ایک اہم نکتہ
آج جمیل الدین عالی کے کالم “نقار خانے میں” اردو لغت کبیر کے بارے میں پڑھ کر مجھے بہت خوشگوار حیرت ہوئی۔ اطلاعا عرض ہے کہ یہ لغت انگریزی، اور جرمن زبانوں کے بعد دنیا کی کسی بھی زبان کی سب سے بڑی لغت ہے۔ اور اب تک اس کی 20 جلدیں شائع ہو چکی ہیں۔ بورڈ 22 جلدوں میں اس کی تکمیل کا ارادہ رکھتا ہے۔ مکمل لغت اردو کے تقریبا 3 لاکھ الفاظ، ضرب الامثال، اور محاورات وغیرہ کا احاطہ کرے گی۔ اردو زبان میں اتنی جامع اور ہمہ گیر لغت کا وجود ہم سب کیلئے باعث فخر ہےاور اس عظیم کام کو سر انجام دینے والوں کو انشاءاللہ قوم ہمیشہ احسان مندی کے جذبات سے یاد رکھے گی۔ بہت عمدہ ہو اگر اردو لغت بورڈ اس سرمایہ گراں قدر کو کمپیوٹرائز شکل میں بھی شائع کردے۔ انہیں شاید اندازہ نہ ہو کہ یہ عمل اردو کیلئے بے پناہ ترقی کا باعث ہو گا۔
اردو یونیورسٹی کے قیام کے حوالے سے لکھتے ہوئے جمیل الدین عالی ایک ایسی بات لکھتے ہیں جو ہم سب اردو بلاگر اور انٹرنیٹ پر اردو کے حوالے سے کام کرنے والوں کیلئے نہایت اہم ہے۔ فرماتے ہیں:
“اصطلاحوں کے بارے میں طے کردیا گیا ہے کہ اب عربی سے اشتقاق کے ساتھ انہیں اردویانے کے ضرورت نہیں۔ بین الاقوامی رابطوں کی وسعت اور تیزی تقاضہ کرتی ہے کہ انٹرنیشنل اصطلاحات استعمال کی جائیں۔ ۔ ۔”
جس کا مطلب ہے کہ اب انٹرنیٹ پر استعمال کیلئے انگریزی سے اردو ترجمہ کرتے ہوئے کسی انگریزی لفظ کیلئے مروجہ اصطلاحات میں اگر کوئی براہ راست اصطلاح دستیاب نہ ہو تو اس صورت میں انگریزی کو ہی اردو میں استعمال کر لیا جائے۔ یہ فیصلہ کہاں کیا گیا ہے، اس کا تو مجھے علم نہیں ہے، لیکن اگر واقعی یہ کسی حکومتی سطح پر طے کردیا گیا ہے تو نہایت صائب قدم ہے جس کے “محتاط” استعمال سے نہایت عمدہ نتائج برآمد ہوں گے۔ محتاط ہونا اسلئے ضروری ہے کہ دوسری صورت میں عام دستیاب اردو الفاظ کی جگہ بھی انگریزی کلمات لے لیں گے جو بہر صورت ایک ناروا صورت ہے۔ بہرحال الحمدللہ ہم لوگوں کا ایک بڑا مسئلہ حل ہوگیا۔
ایک اور خبر یہ ہے کہ کلین ٹچ کی طرف سے ایک انگریزی اردو لغت بالکل مفت دستیاب ہے اور میرے خیال میں تقریبا 15 سے 20 ہزار اردو الفاظ کا احاطہ کرتی ہے۔ بہت اچھی کاوش ہے۔ میں نے تھیسارس وغیرہ، اور کچھ دوسرے امور کے حوالے سے ان سے رابطہ کرنے کی کوشش کی لیکن ابھی تک کوئی جواب نہیں آیا۔ اس لغت کے بارے میں ایک ساتھی بلاگر کہیں لکھ چکے ہیں لیکن اس وقت بالکل یاد نہیں ورنہ ان کا حوالہ ضرور دیتا۔ معذرت۔
جمیل الدین عالی کا کالم یہاں پڑھا جا سکتا ہے۔ اور اردو لغت کے بارے میں یہاں بھی لکھا گیا ہے۔
September 11th, 2005 at 3:55 pm
انگریزی اصطلاحات کے ترجمہ کی ایک کوشش۔
http://ur.wikipedia.org/wiki/Trans